ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عوام کا پیار اور اُن کی محبت میرے لئے کسی بھی سرکاری مرتبے یا عہدے سے مقدم ہے :روشن بیگ کا بیان

عوام کا پیار اور اُن کی محبت میرے لئے کسی بھی سرکاری مرتبے یا عہدے سے مقدم ہے :روشن بیگ کا بیان

Wed, 27 Jun 2018 22:39:29    S.O. News Service

بنگلورو،27؍جون(ایس او نیوز) عوام کا پیار ومحبت میرے لئے کسی بھی سرکاری مرتبے یا عہدے سے مقدم ہے۔ اپنی سیاسی زندگی کے چالیس سال میں میں نے سرکاری عہدوں سے زیادہ عوام کا پیار ہی کمایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار آج سینئر کانگریس رہنما اور رکن اسمبلی جناب روشن بیگ نے کیا۔

انجمن اساتذۂ اردو مدارس سٹی ساؤتھ ڈسٹرکٹ کے زیر اہتمام خلاصی پالیم ہائر پرائمری اسکول کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تہنیتی جلسے اور انجمن کے نئے صدر اور سکریٹری کے عہدے سنبھالنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہاکہ صرف ان کے حلقے شیواجی نگر کے ہی نہیں بلکہ ریاست بھر کے عوام کی طرف سے انہیں جو پیار اور محبت ملی ہیں ان کے وہ ہمیشہ احسان مند رہیں گے۔ عوام کی ان دعاؤں اور نیک خواہشات کا ہی صلہ ہے کہ انہیں اﷲ رب العزت نے تین مرتبہ بیت اﷲ کے غسل کی سعادت سے سرفراز کیا اور تینوں موقعوں پر انہیں بیت اﷲ کے اندر نماز ادا کرنے کا شرف حاصل ہوا۔ اس سے بڑی سعادت کسی کو اور کیا چاہئے۔

جناب روشن بیگ نے کہاکہ کسی بھی قائد کی پہچان ا س کے اقتدار یا مرتبے سے نہیں ہوتی بلکہ لوگوں میں اس کی مقبولیت اور چاہت کی بنیاد ہوتی ہے۔آج کے قائدین کو چاہئے کہ وہ لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانے کے جذبے سے کام کریں۔ اساتذہ سے انتہائی تلخ لہجے میں مخاطب ہوکر جناب روشن بیگ نے کہاکہ وہ تنخواہ کے لئے نہیں بلکہ قوم وملت کے مستقبل کو روشن کرنے کی فکر سے کام کریں۔ ان کے ہاتھوں میں ملت کے نونہالوں کا مستقبل قوم کی امانت ہے، اگر ان بچوں و معیاری تعلیم سے آراستہ کرکے انہیں ایک ذمہ دار شہری بنانے میں اساتذہ ناکام رہیں تو یہ امانت میں خیانت کے مترادف ہوگا۔ اچھے اساتذہ کی اشد ضرورت محسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ماضی کے ایسے اساتذہ چاہئے جو محنت اور لگن کے ساتھ بچوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرسکیں۔ معلم اور معلمات بننے کی دوڑ میں صرف بی ایڈ اور ایم ایڈ کی تعلیم کو ہی اپنی منزل نہ بنائیں بلکہ اپنے آپ کو ایک اچھا اور ذمہ دار استاد بنانے کے لئے بھی فکر مند رہیں۔ ان دنوں بچوں میں موبائل فون کے استعمال کا رجحان عام ہونے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہاکہ والدین بچوں کو فون سے دور رکھیں اور انہیں موبائل پر گیم کھیلنے کا موقع ہرگز نہ دیں ،جو وقت بچے موبائل گیموں پر ضائع کرتے ہیں اگر وہی وقت پڑھائی پر صرف کیا جائے تو ان بچوں کی کامیابی کے امکانات کو اور زیادہ روشن کیا جاسکتا ہے۔ علاقائی زبان کنڑا پر عبور حاصل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے روشن بیگ نے کہا کہ مادری زبان اردو ، انگریزی اور کنڑا کی تعلیم میں قطعاً غفلت نہ برتی جائے۔

اس موقع پر انہوں نے انجمن اساتذۂ اردو مدارس کے صدر میر بہادرعلی قریشی جو 30جون کو خدمات سے سبکدوش ہورہے ہیں ان کی خدمات کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ ساتھ ہی نومنتخب صدر محمودہ خانم اور سکریٹری عبدالعزیز کو بھی مبارکباد پیش کی۔ بنگلور ساؤتھ ڈسٹرکٹ کے ڈی ڈی پی آئی اشوتھ نارائن گوڈا نے اساتذہ کو آواز دی کہ وہ بچوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے اگر اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھانے کی کوشش کریں تو حکومت کی طرف سے انہیں جو تعاون درکار ہے وہ فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر سبکدوش صدر میر بہادر علی قریش، نومنتخب صدر محمودہ خانم اور دیگر نے بھی اساتذہ اور اسکولوں کے مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ 


Share: